سیریز میں 3 – 0 سے پچھڑنے کے بعد کپتان و کھلاڑیوں کو تنقیدوں کا سامنا ۔ ہم اپنے منصوبوں کے ساتھ میدان پر اتریں گے : آسٹریلیائی کپتان
ملبورن 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کی ٹیم ایشیس سیریز میں اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے ٹیم میں کچھ تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے جبکہ چوتھا ٹسٹ منگل سے ملبورن میں شروع ہونے والا ہے ۔ انگلش ٹیم اب تک سیریز میں شکست کھاچکی ہے اور وہ مابقی میچس میں قدرے اعتماد بحال کرناچاہتی ہے ۔ جو روٹ کی قیادت والی انگلش ٹیم کیلئے یہ دورہ انتہائی صبرآمما اور مشکل رہا ہے اور اسے اب تک ہوئے تینوں ہی ٹسٹ میچس میں بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اب مابقی دو ٹسٹ میچس ملبورن اور سڈنی میں کھیلے جانے والے ہیں تاہم سیریز کیلئے ان کی زیادہ اہمیت نہیں ہے ۔ انگلش ٹیم کی مسلسل شکستوں کی وجہ سے کپتان جو روٹ کو سخت تنقیدوں کا سامنا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی ٹیم اپنی صلاحیتیوں کے مطابق نہیں کھیل رہی ہے ۔ سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پانٹنگ نے خود جو روٹ کو ایک چھوٹا بچہ قرار دیا ہے اور کہا کہ اس سیریز میں وہ انتہائی نرم موقف رکھے ہوئے ہیں۔ کچھ دوسرے سینئر کھلاڑی بھی اس سیریز میں زیادہ بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے ہیں ۔ ان میں سابق کپتان الیسٹر کک ‘ اسٹیورٹ براڈ اور معین علی شامل ہیں۔ کئی گوشوں سے ان پر بھی تنقیدیں ہو رہی ہیں اور کچھ گوشوں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیم سے باہر کیا جانا چاہئے ۔ چوتھے ٹسٹ کیلئے انگلش بولر کریگ اوورٹن زخمی ہوکر باہر ہوگئے ہیںاور امکان ہے کہ انگلینڈ ٹیم میں ان کی بجائے ٹام کورن یا پھر مارک ووڈ کو شامل کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ نوجوان لیگ اسپنرمیسن کران کو بھی کیرئیر کا پہلا ٹسٹ کھیلنے کا موقع دیا جاسکتا ہے ۔ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیریسن نے ٹیم کے احساسات کا اس وقت اظہار کیا تھا جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ یہ فیصلہ جلد بازی میں فیصلے کرنے کا ہے ۔ وکٹ کیپر جانی بئیرسٹو نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے خواہش کی تھی کہ وہ تنقیدوں کا سامنا کر رہے کپتان کی ہمت بندھائیں۔ انگلش ٹیم حالانکہ اپنے مظاہروں کے تعلق سے بہت کچھ اظہار خیال کر رہی ہے لیکن اب تک وہ ان الفاظ کو کارکردگی میں نہیں ڈھال سکی ہے ۔ اسے اب تک تینوں ہی ٹسٹ میچس میں بدترتین شکستیں ہوئی ہیں۔ برسبین کے پہلے ٹسٹ میںاسے 10 وکٹوں سے شکست ہوئی ‘ اڈیلیڈ کے دوسرے ٹسٹ میں 120 رنوں سے اور پرتھ کے فیصلہ کن تیسرے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 41 رنوں سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انگلش ٹیم کے اصل بلے باز الیسٹر کک نے اب تک چھ اننگز میں صرف 83 رنز ہی اسکور کئے ہیں۔ وہ جاریہ سیریز میں 150 ٹسٹ کھیلنے والے انگلینڈ کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔ اس کے مقابلہ میں آسٹریلیائی نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی ٹیم کو آ:ی سی سی کی آل ٹائم رینکنگ میں مشترکہ دوسرے مقام پر پہونچا دیا ہے ۔ آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ دراز کرنے کے علاوہ اپنی سنچریوں کی تعداد میں بھی اضافہ کرنا چاہیں گے ۔ وہ ملبورن میں ہونے والے چوتھے ٹسٹ ( باکسنگ ڈے ) میں لگاتار چوتھی سنچری اسکور کرنا چاہتے ہیں۔ اب تک تین باکسنگ ڈے ٹسٹوں میں وہ پاکستان ‘ ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے خلاف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ ابتدائی تین ٹسٹ میچس اور پھر سیریز میں کامیابی کے بعد نہ صرف اسٹیو اسمتھ بلکہ ساری ٹیم کے حوصلے بھی بلند ہیںاور اس کی کارکردگی میں بہتری آتی جا رہی ہے ۔ تاہم چوتھے ٹسٹ کیلئے آسٹریلیائی ٹیم کیلئے ایک بری خبر یہ ہے کہ اسکے اصل فاسٹ بولر مچل اسٹارک زخمی ہوگئے ہیں اور ان کا چوتھے ٹسٹ میں کھیلنا ممکن نہیں رہ گیا ہے ۔ تاہم اسمتھ نے اشارہ دیا ہے کہ مچل اسٹارک کی عدم موجودگی کے باوجود وہ انگلش ٹیم کے نیچے کھیلنے والے کھلاڑیوںکے خلاف بھی باؤنسرس کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر ایک منصوبے کے ساتھ کھیلتے ہیں اور آئندہ کے میچس میں بھی انگلش ٹیم کے ٹیل اینڈرس کے خلاف اچھال لیتی ہوئی گیندیں کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکیٹیو جیمس سندرلینڈ نے کہا کہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کیلئے امکان ہے کہ کثیر تعداد میں شائقین میران پر جمع ہونگے۔ ٹیمیں اسطرح ہوسکتی ہیں۔
آسٹریلیا : ڈیوڈ وارنر ‘ کیمرون بنکرافٹ ‘ عثمان خواجہ ‘ اسٹیو اسمتھ ( کیپٹن ) شون مارش ‘ مچل مارش ‘ ٹم پئین ‘ پیٹ کمنس ‘ جوش ہیزل ووڈ ‘ ناتھن لیان ‘ جیکسن برڈ ۔
انگلینڈ : ( امکانی کھلاڑی ) الیسٹر کک ‘ مارک اسٹونمن ‘ جیمس ونس ‘ جو روٹ ( کپتان ) ڈیوڈ مالن ‘ جانی بئیرسٹو ‘ معین علی ‘ کرس ووکس ‘ ٹم کورن ‘ مارک ووڈ ‘ اسٹیورٹ براڈ اور جیمس اینڈرسن ۔