باکسنگ انڈیا کے سکریٹری جنرل جے کاؤلی نے استعفی پیش کردیا

نئی دہلی 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) باکسنگ انڈیا سے یقینی علیحدگی کو محسوس کرتے ہوئے اس کے سکریٹری جنرل جے کاؤلی نے باکسنگ انڈیا کے آج ہی ہونے والے خصوصی جنرل اجلاس سے قبل استعفی پیش کردیا ہے ۔ امکان ہے کہ کاؤلی کو جنرل میٹنگ میں ان کے عہدہ سے بیدخل کردیا جائیگا ۔ ان کے خلاف باکسنگ انڈیا کے صدر سندیپ جاجوڈیہ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کی جاسکتی ہے ۔ تاہم یہ اندیشے پیدا ہونے کے بعد مسٹر کاؤلی نے کل رات دیر گئے ہی استعفی پیش کردیا ۔ انہیں باغی گروپ میں بھی کوئی تائید نہیں مل سکی جس میں 31 ریاستی یونٹوں کی اکثریت شامل ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ چونکہ ان کے پاس کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا تھا اس لئے انہوں نے کل رات دیر گئے استعفی پیش کردیا ۔