باکسر وجئیندر سنگھ نے پہلے پروفیشنل مقابلہ کا مشاہدہ کیا

لندن 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے اسٹار باکسر وجیندر سنگھ نے یہاں ویمبلے ایس ایس ای ارینا میں پہلی راست پیشہ ورانہ باکسنگ کا مشاہدہ کیا ۔ وجیندر سنگھ 10 اکٹوبر کو مانچسٹر میں اپنے پیشہ ورانہ باکسنگ مقابلوں کا آغاز کرنے والے ہیں۔ 29 سالہ اولمپک برانز میڈلسٹ ہندوستانی باکسر نے ڈبلیو بی اے ورلڈ سوپر مڈل ویٹ چمپئن شپ میں خطابی مقابلہ کا مشاہدہ کیا جو دفاعی چمپئن فیڈر چوڈینوف اور چیلنجر فرینک بگلیونی کے درمیان کل رات ہوا تھا ۔ چوڈینوف نے اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے خطاب کا دفاع کیا ۔ وجیندر مانچسٹر میں گذشتہ تین ہفتوں سے پہلے ہی سخت ٹریننگ کر رہے ہیں اور انہوں نے اس کیلئے عالمی شہرت یافتہ ٹرینر لی برڈ کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ابھی ان کے میچ کیلئے مخالف باکسر کا انتخاب نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے میچ کے بعد کہا کہ یہ بہت دلچسپ اور تیز رفتار مقابلہ ہوا تھا ۔اس سے انہیں اپنی تیاری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔