نئی دہلی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ابتداء میں پروقار اعزاز سے نوازے نہ جانے کے بعد قانونی راہ اختیار کرنے والے ہندوستانی باکسر منوج کمار کو بالآخر ارجن ایوارڈ حاصل ہورہا ہے جیسا کہ 26 نومبر کو وہ وزیر اسپورٹس سربانندن سنوول سے ارجن ایوارڈ حاصل کریں گے۔ 2010ء کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے باکسر منوج نے آج کہا ہیکہ انہیں مطلع کیا گیا ہیکہ وہ وزیراسپورٹس سے ایوارڈ حاصل کریں۔ منوج نے مزید کہا کہ دہلی کے دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں 26 نومبر کو ایک تقریب منعقد ہورہی ہے اور شام 5 بجے وہ وزیراسپورٹس کے سربانندل سنوول کے ہاتھوں سے ارجن ایوارڈ حاصل کریں گے اور اس کے متعلق اطلاعاتی میل بھی موصول ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ ایوارڈ ناانصافی کے خلاف لڑائی کے بعد حاصل ہورہا ہے۔ واضح رہے کپل دیو کی صدارت میں سلیکشن کمیٹی نے جب منوج کو ارجن ایوارڈ کیلئے سفارشی ناموں میں شامل نہیں کیا تھا تو انہوں نے پہلی مرتبہ وزارت اسپورٹس کے عہدیداروں سے رابطہ کیا تھا جس پر طمانیت دی گئی تھی کہ انہیں نظرثانی کے بعد فہرست میں شامل کرلیا جائے گا لیکن نتیجہ مثبت نہ ملنے کے بعد منوج نے دہلی ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا جس پر عدالت نے باکسر کے حق میں فیصلہ سنایا۔