لاس ویگاس 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے دو مرتبہ کے سابق لائیٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چمپئن عام خان نے کہا ہے کہ وہ فلائیڈ مے ویتھر کے ساتھ آئندہ مقابلہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے آج مے ویتھر کے منی پکینو کے خلاف مقابلہ کا مشاہدہ کیا تھا ۔ مے ویتھر نے پکینو کو شکست دیتے ہوئے یہ میچ جیت لیا تھا ۔ پکینو کے خلاف کامیابی کے ذریعہ مے ویتھر نے اپنی مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور انہوں نے متفہق پوائنٹس کے اعتبار سے یہ کامیابی درج کروائی ۔ یہ نتیجہ پوائنٹس کی بنیاد پر رہا اور مے ویتھر مخالف کو پچھاڑنے میں ناکام رہے تھے ۔ مے ویتھر نے میچ کے بعد کہا کہ وہ 38 سال کی عمر میں اب صرف ایک مقابلہ میں حصہ لیں گے اور یہ مقابلہ ستمبر میں ہوسکتا ہے ۔ عامر خان نے اس پر اپنے رد عمل میں کہا کہ وہ امریکی باکسر کے خلاف آخری مقابل ہونا چاہتے ہیں۔ خان نے بی بی سی کے ریڈیو فائیو سے لائیو اسپورٹس ویک پروگرام میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے مے ویتھر کے مینیجر لین ایلربے سے بات کی ہے ۔ میڈیا روم میں وہ ان کے قریب آئے اور کہا کہ وہ ( مے ویتھر ) مقابلہ کیلئے تیار ہیں جب کبھی آپ تیار ہوں۔ عامر خان نے کہا کہ ان کے خیال میں مے ویتھر کی ٹیم یہ مقابلہ چاہتی ہے لیکن انہوں نے آج شکست کھانے والے پکینو کی ٹیم سے بھی بات کی ہے اور وہ ٹیم بھی یہ مقابلہ چاہتی ہے ۔ عامر نے کہا کہ وہ ایسے موقف میں ہیں جہاں دونوں ہی باکسرس سے مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن وہ مے ویتھر کے ساتھ مقابلہ کرنا زیادہ پسند کریں گے ۔