پاکستانی نژاد سابق عالمی چمپین نے کینیڈا کے حریف باکسر کو صرف 39 سیکنڈ میں شکست دی
لندن ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی چمپئن عامر خان نے دو سالوں کے بعد اپنا پہلا مقابلہ گریکو کو 39سیکنڈ میں جیت لیا پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان دو سال کے بعد باکسنگ رنگ میں لوٹے لیکن ایک منٹ سے بھی کم وقفے کے لیے۔ہفتہ کی شب انھوں نے لیورپول میں ہونے والے مقابلے میں کینیڈا کے اپنے حریف فل لو گریکو کو صرف 39 سیکنڈ میں ڈھیر کر دیا۔عامر خان دو سال میں پہلی مرتبہ رنگ میں اترے تھے۔ انھوں نے اپنے حریف گریکو کو پہلی بار بائیں اور دائیں جانب سے گھونسوں کی بوچھار سے صرف 13 سیکنڈ میں زمین پر گرا دیا۔اس کے فوراً بعد انھوں نے مکوں کی بارش سے اپنے حریف کو ایسا گرایا کہ وہ پھر نہ اٹھ سکے۔31 سالہ عامر خان نے کہا: ’میں قدرے نروس تھا لیکن میں نے دھماکہ دار واپسی کی ہے۔عامر کے مطابق’میں رواں سال یا آئندہ سال عالمی چمپین بننا چاہتا ہوں۔سابق لائٹ اور ویلٹر ویٹ عالمی چمپین عامر خان لاس ویگس میں سنہ 2016 میں سول کینیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہونے کے بعد سے کسی مقابلے میں نہیں اترے تھے جبکہ اس سے قبل برطانیہ کے شیفیلڈ میں پانچ سال قبل انھوں نے جولیو ڈیاز کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی تھی۔انھوں نے کہا: ’رنگ سے میں دو سال تک باہر رہا تاہم جم میں سخت محنت کر رہا تھا اور میں نے ایک دن کی بھی چھٹی نہیں لی۔ میں واپسی کا جواز پیش کرنا چاہتا تھا۔‘اس لائٹ مڈل ویٹ کے مقابلے کے بعد عامر خان کی توجہ کیل بروک پر ہے جو کہ رنگ کے پاس تھے۔ عامر خان نے کہا کہ بروک ’ان کے نام پر جی رہے ہیں۔‘عامر خان اور 31 سالہ بروک کو ایک عرصے سے اس میچ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور اب دونوں نے پروموٹر ایڈی ہرن کے میچ روم باکسنگ کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے۔