باپ کے خلاف بیٹے کی بغاوت

الاگیری کی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات
لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی تائید کی پیشکش، ڈی ایم کے کیخلاف مقابلہ
نئی دہلی ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے کے عمر رسیدہ سربراہ ایم کروناندھی کے برہم و باغی بیٹے نے آج ایک اہم سیاسی تبدیلی کے طور پر بی جے پی تک رسائی حاصل کرتے ہوئے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں زعفرانی جماعت کی حمایت کی پیشکش کی۔ الاگیری نے جنہیں حال ہی میں ان کے والد کی پارٹی سے معطل کیا گیا تھا،

نئی دہلی میں بی جے پی کے صدر راجناتھ سنگھ سے آج ملاقات کے دوران تقریباً 45 منٹ تک بات چیت کی۔ سابق مرکزی وزیر الاگیری نے بی جے پی صدر سے تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بی جے پی اتحاد کی تائید کی پیشکش کی جس (اتحاد) میں ڈی ایم ڈی کے، پی ایم کے اور ایم ڈی ایم کے بھی شامل ہیں۔ تاہم راجناتھ نے الاگیری کی پیشکش پر کوئی وعدہ نہیں کیا۔ مدورائی کے مردآہن سمجھے جانے والے الاگیری کا جنوبی ٹاملناڈو کے سات لوک سبھا حلقوں میں اثرورسوخ ہے۔ 2001ء کے اسمبلی انتخابات کے دوران انہوں نے چند باغی امیدواروں کو نامزد کیا تھا جس کے نتیجہ میں ڈی ایم کے کو 12 حلقوں میں زبردست نقصان پہنچا تھا۔ الاگیری اپنے چھوٹے بھائی ایم کے اسٹالن کو والد کی غیرمعمولی مدد اور اپنی معطلی پر پہلے ہی برہم تھے لیکن اب لوک سبھا ٹکٹ سے بھی محرومی پر ان کے غصہ کی انتہاء نہ رہی۔