باووما95 پر ناٹ آوٹ،جنوبی افریقہ488 پر آل آؤٹ

جوہانسبرگ۔31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )مڈل آرڈر بیٹسمین ٹمبا باووما نے ناقابل تسخیر 95 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ لوور آرڈر میں مہاراج (45) کے ساتھ بہترین پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف یہاں رواں چوتھے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی آفریقی ٹیم کے اسکور کو 488 تک پہنچایا۔ باووما نے 194 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 95 رنز اسکور کئے۔ تادم تحریر آسٹریلیا نے ناقص شروعات کے بعد 68/3 رنز اسکور کئے ہیں اور عثمان خواجہ 37 رنز کے ساتھ دوہرے ہندسے میں پہنچنے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔ قبل ازیں ایڈن مرکرم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ میں کے پہلے دن کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا کر اپنا موقف مستحکم کر لیا تھا۔بال ٹیمپرنگ تنازعہ کے بعد جوہانسبرگ میں شروع ہوئے چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ڈین ایلگر اور ایڈن مرکرم نے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا۔نیتھن لایون نے ایلگر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی جو 19رنز بنا سکے۔اس موقع پر مرکرم نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر ایک اور شاندار شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 142 تک پہنچا دیا، آملہ 27 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔تاہم یہ اے بی ڈی ویلیئرز اور مرکرم کی شاندار شراکت تھی جس نے مایوسی کا شکار آسٹریلیائی ٹیم کو مزید نقصان پہنچاتے ہوئے اپنی ٹیم کے موقف کو مستحکم کردیا۔دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 105 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 247 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کمنز نے مرکرم کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی۔