باوقار 19 ویں بوسٹن کپ کا آغاز

حیدرآباد ، 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بوسٹن کپ کا 19 واں ایڈیشن محمد شاکر احمد مرحوم کرسپانڈنٹ بوسٹن اسکول کی یاد میں این جی او اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن مانصاحب ٹینک کے زیراہتمام شروع ہوچکا ہے۔ آج یہاں ایس سی ایف ارینا میں اس ایونٹ کا افتتاح مولانا یوسف زاہد چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ کھادی ولیج انڈسٹری نے انجام دیا۔ افتتاحی مقابلوں میں ایس سی ایف بلوز اور سوپرکیاٹس سی اے کامیاب ہوئے جبکہ ترتیب وار مچکندہ سی اے (انڈر 12) اور مچکندہ سی اے (انڈر 14) کو شکست ہوئی۔ بلوز ٹیم نے مچکندہ کے مقررہ ٹارگٹ 55 کو 5.5 اوورز میں حاصل کرکے 8 وکٹ سے میچ جیتا۔ سوپرکیاٹس نے بھی مچکندہ کیخلاف 7 وکٹوں سے جیتا۔ قبل ازیں مہمان خصوصی مولانا یوسف زاہد نے اُبھرتے کرکٹرز کیلئے برسہا برس سے جاری مقبول ایونٹ کے آرگنائزرس اور اسپانسرس کو سراہا۔ انھوں نے کم عمر کھلاڑیوں کیلئے نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے انھیں انڈین کرکٹ کا مستقبل قرار دیا۔ اعزازی مہمان خلیل پاشاہ سابق رانجی پلیئر نے بھی اس ٹورنمنٹ کی تعریف کی۔ مومن پٹیل چیف کوچ سوپر کیاٹ کرکٹ کوچنگ فاؤنڈیشن بھی اعزازی مہمان کی حیثیت سے افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ محمد فردوس شریف نے شرکاء کا استقبال کیا۔ محمد عمران احمد کرسپانڈنٹ بوسٹن مشن ہائی اسکول نے بوسٹن کپ کے 18 سالہ سفر کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ کے سائی بابا فاؤنڈر ایس سی ایف نے مہمانوں اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا اور محمد ناصر احمد نے تقریب کی کمپیئرنگ کی۔