بانسواڑہ۔/30جنوری، ( سیاست نیوز) بانسواڑہ کے موضع گورارم میں ایک شخص کی نعش مشتبہ حالت میں پائی گئی۔ تفصیلات کے بموجب بانسواڑہ سے تعلق رکھنے والا محمد شفیع عمر 35 سال جس کی شادی ہوئے تقریباً دیڑھ سال کا عرصہ ہورہا ہے، اپنی اہلیہ کے ہمراہ سسرال گیا ہوا تھا جہاں پر دونوں میاں بیوی میں معمولی جھگڑا ہوا ، غصہ میں محمد شفیع اپنی اہلیہ کو تنہا چھوڑ کر گھر سے نکل گیا اس وقت رات کے 12 بج رہے تھے۔ بیوی نے روکنے کی بہت کوشش کی تھی لیکن وہ گھر سے نکل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد شفیع نشہ کی حالت میں دھت تھا۔ صبح پتہ چلا کہ محمد شفیع مردہ حالت میں ایک زرعی کھیت میں پایا گیا۔ اس کی اطلاع پولیس گندھاری منڈل کو دیئے جانے پر پولیس مقام واقعہ پہنچی اور معائنہ کیا۔ بعد پنچنامہ نعش کو پولیس گندھاری نے پوسٹ مارٹم کی غرض سے بانسواڑہ سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔ محمد شفیع کی والدہ نے شک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں کیس درج کروایا گندھاری پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔