رکن اسمبلی پی سرینواس ریڈی کی زیرقیادت جلوس فتح
بانسواڑہ۔ 24 فروری (سیاست نیوز) بانسواڑہ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر زبردست جشن منایا گیا اور ریالی نکالی گئی۔ تفصیلات کے بموجب پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری ملنے پر رکن اسمبلی بانسواڑہ مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی کی آج دہلی سے بانسواڑہ آج پر مقامی ٹی آر ایس قائدین و کارکنان نے پرجوش انداز میں جکل دانی تانڈا کاماریڈی روڈ سے ان کا خیرمقدم کیا اور کثرت سے گلپوشی کی۔ طویل موٹر سائیکل ریالی نکالی گئی۔ یہ ریالی بانسواڑہ منڈل کے دیہاتوں سے ہوتی ہوئی بانسواڑہ بس اسٹانڈ امبیڈکر چوراہا پہونچی۔ اس موقع پر پوچا رام سرینواس ریڈی رکن اسمبلی بانسواڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے گزشتہ 60 سال سے جدوجہد جاری تھی۔ اس کاز کے لئے سینکڑوں افراد نے قربانیاں دیں اور کئی نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے، اس لئے تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری مل گئی۔ تلنگانہ ریاست کی جدوجہد میں جن نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی، ان تمام کو خراج عقیدت پیش کرنا ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔ بل کی منظوری پر انہوں نے سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر ضلع مائناریٹی سیل طارق انصاری، کے بھاسکر، انجی ریڈی، محمد اعجاز الدین، عبدالمقیت، ایم اے قیوم نشاطؔ، کرشنا ریڈی کے علاوہ بانسواڑہ حلقہ کے ٹی آر ایس سرپنچ، MPTC ممبرس، ZPTC ممبرس، سوسائٹی چیرمین، وارڈ ممبرس کے علاوہ کئی ٹی آر ایس قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔