کابل ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں حکام نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ انہیں طالبان کے ہتھیاروں کے ایک گودام سے ایرانی ساخت کی بارودی سرنگیں ملی ہیں۔ یہ بارودی سرنگیں ملک کے وسط میں بامیان کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران برآمد ہوئیں۔ بامیان کے گورنر محمد طاہر ظہیر نے بتایا کہ اگرچہ ان باردی سرنگوں پر سے کارخانے اور ملک کا نام مٹا دیا گیا ہے، تاہم عسکری اور سیکورٹی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایرانی ساخت کی ہیں۔ دوسری جانب بامیان کے گورنر کے ترجمان عبدالرحمن احمدی نے بتایا کہ ملنے والی بارودی سرنگوں کی تعداد 32 ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ سرنگیں کب اور کس طرح ملک میں لائی گئیں۔ احمدی کے مطابق یہ سرنگیں اور اس کے علاوہ بڑی تعداد اور مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بامیان کے شمال مغربی علاقے "درہ شکاری” سے ملے ہیں۔ یاد رہے کہ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی افواج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے اکتوبر میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران مالی اور عسکری طور پر طالبان تحریک کی تائید کررہا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے گزشتہ جون میں انکشاف کیا تھا کہ ایران طالبان تحریک کی مالی اور فوجی مدد کررہا ہے اور تحریک کے جنگجوؤں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کررہا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغان اور مغربی ذمہ داران نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ "ایران نے خاموشی کے ساتھ طالبان کو امداد اور اسلحہ فراہم کیا جو افغانستان میں سیکورٹی کی نازک صورت حال کے لیے ایک نیا خطرہ ہے۔