بال ٹیمپرنگ، کھلاڑیوں کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لینے کا فیصلہ

دبئی۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بال ٹیمپرنگ تنازعہ کے بعد میدان پر کھلاڑیوں کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اپنے قوانین کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ کیپ ٹاؤن میں جو ہوا اس نے جلد کھلاڑیوں کی ضابطہ اخلاق کو لے کر اقدامات کرنے کی ضرورت پیدا کر دی ہے ۔آئی سی سی عہدیدار نے کہا کہ بورڈ کی پوری حمایت کے ساتھ ہم کھلاڑیوں کے ضابطہ اخلاق قوانین کا دوبارہ سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کھیل کے احساس کو برقرار رکھا جائے ۔رچرڈسن نے کہا کہ سابق اور موجودہ کرکٹرز کے ساتھ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی، میرلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) اور میچ حکام کے ساتھ ان قوانین پر بحث کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔رچرڈسن نے کہا کہ ہم مختلف افراد اور گروپ کو ایک ساتھ شامل کرنے اور سابق کرکٹروں کو بھی ساتھ لانے پر غور کر رہے ہیں تاکہ کھیل کو کس طرح کھیلا جائے اس پر فیصلہ کیا جا سکے ۔میرے ذہن میں جو کھلاڑی ہیں ان میں ایلن بارڈر، انل کمبلے ، شان پولاک، کورٹنی والش، رچی رچرڈسن جیسے نام ہیں جنہوں نے پورے جذبے کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے اور ان کی جارحیت میں آپ غلطی نہیں ڈھونڈ سکتے ۔