بالاپور میں ایک شخص کا بہیمانہ قتل

پارٹی کے نام پر شراب نوشی کے بعد ساتھیوں کا حملہ، ملزمین گرفتار
حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) آئے دن شہر میں قتل کی وارداتیں عام ہوتی جارہی ہیں اور پولیس اِن سنگین وارداتوں کی روک تھام میں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک تازہ ترین واقعہ بالاپور کے علاقہ شاہین نگر میں پیش آیا جس میں 3 ساتھیوں نے اپنے ایک ساتھی کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 3 فروری کی شب حسین بن احمد سعدی اپنے دوستوں افتخار، عزیز، چاند وھلان کے ساتھ علی نگر شاہین نگر میں واقع افتخار کے مکان میں ایک پارٹی کی اور یہاں پر چاروں نے شراب نوشی کی۔ پولیس نے بتایا کہ چاروں ساتھی سابق میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرچکے ہیں اور شراب نوشی کے دوران پرانی معاملت پر بحث و تکرار ہوئی جو جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ نشہ کی حالت میں افتخار نے حسین بن احمد سعدی پر شراب کی بوتل سے سر پر وار کردیا اور بعدازاں اُسی بوتل سے کئی ضربات لگائے۔ اِس واقعہ میں حسین سعدی برسر موقع ہلاک ہوگیا اور اُس کے تین ساتھیوں نے اُس کی نعش کو بیڈشیٹ میں لپیٹ کر اُسے نامعلوم مقام پر پھینکنے کی تیاری شروع کردی تھی کہ پولیس کو اِس بات کی اطلاع مل گئی۔ بالاپور پولیس انسپکٹر این سیدلو رات دیر گئے موقع واردات پر پہونچ گئے اور وہاں پر کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا۔ پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کرتے ہوئے ٹوٹی ہوئی شراب کی بوتلیں ضبط کرلیں اور دیوار پر خون کے دھبے پائے گئے جس کے نمونے بھی حاصل کرلئے۔ قتل کے فوری بعد افتخار، عزیز، چاند وھلان وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کو اِس بات کی اطلاع ملنے پر اُنھیں حراست میں لے لیا اور تحقیقات جاری ہے۔