حیدرآباد /9 ستمبر ( سیاست نیوز ) بالانگر کے علاقہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو زندہ جلادیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شراب نوشی کیلئے رقم نہ دینے پر یہ شخص برہم ہوگیا تھا ۔ بالانگر پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ کتاوت سروپا جو پیشہ سے مزدور تھی ۔ اپنے شوہر لکشمن کے ہاتھوں جلادی گئی ۔ دونوں میاں بیوی مزدور تھے ۔ ضلع محبوب سے تعلق رکھتے ہیں ۔ شوہر لکشمن شراب کے نشہ کا عادی ہے اور اس نے گذشتہ روز اپنی بیوی سے شراب پینے کیلئے رقم مانگی تاہم رقم دینے پر انکار سے برہم اس شخص نے لکڑی کے ذریعہ اپنی بیوی کو شدید زدوکوب کیا اور اس کے بعد جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگادی اور وہ کل رات فوت ہوگئی ۔ بالانگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔