حیدرآباد ۔ /27 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر میں سٹہ کا کاروبار چلانے والے ایک شخص کو کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ محمد قدیر ساکن باغ جہاں آراء یاقوت پورہ اپنے مکان میں سٹہ کی رقم وصول کرتے ہوئے سٹے بازوں سے رقومات حاصل کرکے ان سے 10 فیصد کمیشن حاصل کیا کرتا تھا ۔ قدیر کو سال 2012 ء میں ٹاسک فورس نے سٹہ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا لیکن وہ گزشتہ 6 ماہ سے دوبارہ سرگرم ہوگیا اور اپنے مکان سے موبائیل فون کے ذریعہ کاروبار چلاتے ہوئے سٹے کی بولی وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 5200 روپئے نقد رقم ، موبائیل فون اور سٹہ کے کاروبار میں استعمال کئے جانے والے دستاویزات برآمد کرلئے اور اسے رین بازار پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔