صنعاء۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے دارالحکومت صنعاء میں باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی اتحاد کے فضائی حملوں میں 45افراد ہلاک ہوگئے۔ اتحادی طیاروں نے صنعاء میں باغیوں کے زیر قبضہ آرمی ہیڈ کوارٹر اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا۔ باغیوں کی نیوز ایجنسی صبا نے دعوی کیا ہے کہ حملے میں 44افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوئے۔ ادھر ریاض میں اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے پاس 300اسکڈ میزائل ہیں، تاہم سعودی عرب ان میزائلوں کے خلاف دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے یمن کے تنازعہ پر ہونے والے مذاکرات میں یمنی صدر منصور ہادی کی جانب سے وفد بھیجنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ یمنی فریقوں کے مذاکرات 14جون کو اقوام متحدہ میں ہوں گے، جن میں اقوام متحدہ سہولت کار کا کردار ادا کرے گا۔