باسر سرسوتی مندر میں کروڑوں روپئے کی دھاندلی کا الزام، کل جماعتی قائدین کا احتجاج

بھینسہ۔/18 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل جماعتی کانگریس، بی جے پی اور ٹی ڈی پی قائدین کی جانب سے باسر انڈومنٹ سرسوتی مندر کے دھاندلیوںو بدعنوانیوں کے خلاف بھینسہ ریونیو ڈیویژن آفیسر ای راجو کو ایک تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے آر ڈی او دفتر کے روبرو زبردست احتجاج منظم کیا۔ اس موقع پر راما راؤ پٹیل کانگریس قائد روی پانڈے ایڈوکیٹ بی جے پی اور بوری وٹھل ٹی ڈی پی و دیگر نے کہا کہ بھینسہ ڈیویژن کے باسر مستقر پر واقع انڈومنٹ سرسوتی مندر میں کروڑوں روپئے کے غبن کئے جارہے ہیں۔ کئی مرتبہ نمائندگیاں بھی بے فیض ثابت ہورہی ہیں۔ انہوں نے حکومت اور انڈومنٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان دھاندلیوں میں ملوث تمام عہدیداروں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر انڈومنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، اگر حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات نہ کرنے پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے منظم کرنے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر بی گنگادھر سابق چیرمین بلدیہ ، فیروز خان ( شہران ) ، اشون پٹیل و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔