کورٹلہ میں آج بھوک ہڑتال، طلبہ سے بھی شرکت کی خواہش
کورٹلہ۔/27جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے انتخابات کے موقع پر مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے وعدہ کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے روز نامہ ’سیاست ‘کے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی جانب سے جو تحریک شروع کی گئی ہے اس پر پوری ریاست کے بشمول کورٹلہ کے مسلمانوں میں مثبت ردعمل دیکھا جارہا ہے۔ کنوینر مسلم تحفظات سادھنا کمیٹی کورٹلہ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست، جناب محمد عبدالمصور، جناب محمد ظہیر الدین نے آج کورٹلہ کے مختلف اردو میڈیم اسکولس پہنچ کر مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں جدوجہد سے طلباء و طالبات کو واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ روز نامہ سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی اس تحریک کی کامیابی پر طلباء و طالبات کا مستقبل تابناک ہوگا۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے 28جولائی بروز جمعرات بمقام قدیم میونسپلٹی کورٹلہ میں منعقد بھوک ہڑتال کیمپ پہنچ کر بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے افراد سے اظہار یگانگت کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر اسکولوں کے ذمہ داروں نے طلباء و طالبات کو ادارہ سیاست کی جانب سے مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں کی جارہی جدوجہد سے واقف کروایا اور وفد کے جذبہ کی سراہنا کی اور امید ظاہر کی کہ 12فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں روز نامہ سیاست کی جانب سے جدوجہد کی جارہی ہے وہ آخر کار رنگ لائے گی۔
ہریتا ہارم کیلئے کے ٹی آر کی جانب
سے ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ
عادل آباد۔/27 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں ہریتا ہارم پروگرام ( پودوں کی شجرکاری ) کے کامیاب عمل آوری سے متاثر ہوکر ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے تارک راما راؤ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات بی سی ویلفیر مسٹر جوگو رامنا کو ہریتا ہارم میں بطور عطیہ پیش کیا جس کے پیش نظر ٹی آر ایس پارٹی کے مقامی قائدین میں مسٹر سید ساجد الدین، سراج قادری، محمد ظہور الدین، مجاہد شاہ، مسعود پٹیل، سلیم پاشاہ، عروج خان ایڈوکیٹ اور مسٹر محمد وقار الدین ایڈوکیٹ سابق صدر ضلع وقف بورڈ نے مسٹر کے ٹی راما راؤ سے اس اقدام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی کاوشوں کو کامیاب قرار دیا۔