بارش کے نقصانات کا جائزہ ، راحت کاری کی ہدایت

بیدر /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع تعلقہ اور دیہی سطح پر عہدیدار اور ملازمین اپنے مرکزی مقام پر رہ کر بارش سے ہوئے نقصانات کا معائنہ کرکے امدادی کام انجام دیں ۔ یہ ہدایت ڈپٹی کمشنر بیدر ڈاکٹر پی سی جعفر نے عہدیداروں کو دئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس میٹنگ ہال میں بارش سے ہوئے نقصانات اور امدادی کام انجام دینے کے تعلق سے عہدیداروں کی ایک میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر پی سی جعفر نے بتایا کہ ضلع میں گذشتہ چند دنوں سے بارش ہو رہی ہے ۔ بارش سے جو نقصانات ہوئے ہیں ان کا ضلع تعلقہ اور دیہی سطح پر ملازمین سرکار اور عہدیدار قیام کرکے امدادی کام انجام دیں اور اگر مرکزی مقام چھوڑکر جاتا ہوتو اس کیلئے ڈپٹی کمشنر کی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔ بارش سے ہوئے نقصانات کے تعلق سے فوراً امدادی کام انجام دینے چیف منسٹر سدرامیا نے ہدایت دی ہے ۔ ضلع بیدر میں آنے والے دنوں میں مزید بارش کے امکانات ہیں ۔ اگر بارش سے مکانات میں پانی داخل ہوتا ہے تو انہیں خالی کرنے دیہی سطح پر گرام پنچایت اور تعلقہ سطح پر تحصیلدار اور ملازمین اقدامات کریں ۔ محکمہ مال کی جانب سے اس کیلئے مدد فراہم کی جائے گی ۔ شدید بارش ہونے سے نقصان کا سروے کرکے رپورٹ پیش کریں ۔ اس موقع پر میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائکٹر محکمہ زراعت جی ٹی پتر نے بتایا کہ ضلع بیدر میں ہوئی بارش سے کوہ نور اور مڑبی حدود میں جملہ 1850 ایکر فصلوں کو نقصان ہوا ہے ۔ چند دنوں میں سے ہو رہی بارش کے نتیجہ میں بسواکلیان تعلقہ کے بیٹ گیرو ، بترگہ روڈ ، سرجوڑگہ اور گدلے گاؤں ، میسالگا روڈ پر رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ مذکورہ راستوں پر فوراً رابطہ فراہم کرنے ضروری اقدامات کئے جائیں اور مذکورہ کاموں کو ہنگامی سطح پر انجام دیا جائے ۔ ان کاموں کیلئے مہینوں کا وقت نہ لیا جائے ۔ اس بات کی ہدایت محکمہ تعمیرات کے ایگزیکیٹیو انجینئیر مسٹر راجو ڈانگے کوری بارش سے بڑی مقدار میں نقصان ہوا تو کم از کم 15 دنوں کے اندر امادادی کام مکمل کئے جائے ۔ تالاب اور ہاوز میں پانی جمع کرنے کا کام انجام دیا جائے ۔ ایسا نہیں کیا گیا تو موسم گرما میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے ۔ بارش سے برقی وائر ٹوٹ گئے ہیں تو 48 گھنٹوں کے اندر علحدہ کرکے نئے وائر بٹھائے جائیں اور ٹرانسفارمرس خراب ہوئے تو فوراً ٹرانسفارمر بنک سے ٹرانسفارمر حاصل کرکے ان کو تبدیل کرنے جسکام کے عہدیدار اقدامات کریں ۔ اس موقع پر جسکام کے عہدیداروں نے بتایا کہ بارش سے ضلع بھر میں اب تک 148 برقی پول اور 4 ٹرانسفارمرس کو نقصان ہوا ہے ان کو درست کرنے کیلئے 20 لاکھ روپئے کی ضرورت ہوگی ۔ بارش سے کوئی بھی انسانی نقصان ہوتا ہے تو ہلاک ہونے والے کے افراد خاندان میں 48 گھنٹوں کے اندر امداد تقسیم کرنے تحصیلدار کو رپورٹ پیش کریں ۔ اسی طرح مویشی ہلاک ہوتے ہیں تو بھی فوراً اقدامات کریں ۔ میٹنگ میں چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ضلع پنچایت مسٹر اوجال کمار گھوش ضلع اور تعلقہ کے عہدیدار موجود تھے ۔