بودھن /13 جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع نظام آباد و بودھن ڈیویژن میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران اطمینان بخش بارش کے باوجود نظام ساگر تالاب میں پانی کی عدم آمد کے سبب ضلع انتظامیہ فکرمند ہے ۔ گذشتہ پانچ دنوں سے مسلسل تیز و لگاتار بارش برسنے سے کسانوں کو فی الفور تخم ریزی کیلئے حالات سازگار ہوگئے ۔ لیکن فصل کی کٹوائی تک پانی سیراب کرنے تالابوں میں پانی جمع ہونا ضروری ہے ۔ گذشتہ دو سالوں سے حوصلہ افزاء بارش نہ ہونے کی وجہ سے بودھن ڈیویژن کے تمام تالاب مکمل خشک ہوچکے ہیں ۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں بارش ہونے اور الماٹی ڈیم کے دروازے کھول دینے کے بعد بودھن ڈیویژن کے انجل منڈل اور حلقہ اسمبلی بودھن میں شامل نوی پیٹھ منڈل کے چھوٹے تالاب لبریز ہوگئے ۔ گذشتہ جمعہ سے لگاتار وقفہ وقفہ سے منگل تک بارش ہوتی رہی ۔ آج تقریباً پانچ دنوں کے بعد کچھ دیر کیلئے آسمان پر سورج چمکتا نظر آیا۔