قاضی پیٹ میں کئی درخت گاڑیوں پر گرگئے ، ٹریفک نظام درہم برہم
ورنگل۔ 3 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل شہر میں دوپہر طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی وجہ سے چاروں طرف تباہی دیکھی گئی۔ کئی نشیبی علاقے متاثر ہوگئے۔ بڑے بڑے درخت جڑ سے اکھڑ کر سڑکوں پر گرگئے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگئی۔ چار گھنٹوں تک برقی منقطع رہنے سے عوامی زندگی شدید متاثر ہوگئی۔ میئر این نریندر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ کمشنر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن گوتم نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بروقت امدادی کاموں کو انجام دینے کی ہدایت دی۔ رضاکارانہ طور پر نوجوانوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ کسانوں کو لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا۔ کئی موٹر سائیکلیں اور کاریں تباہ ہوگئیں۔ اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری کو بارش کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے آرے پلی سے واپس ہنمکنڈہ واپس ہونا پڑا کیونکہ سڑکوں پر درختوں کے گرنے کی وجہ سے بعد میں اپنا سفر جاری رکھا۔ پرکال، زرعی مارکٹ کا دورہ کیا جہاں پر بارش کی وجہ سے 20,000 سے زائد کئی کے تھیلے بھیگ گئے۔ ورنگل زرعی مارکٹ میں دھان کے ہزاروں تھیلے تباہ ہوچکے ہیں۔ کسانوں کو بھاری نقصان پہونچا۔ شہر ورنگل میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش کی وجہ سے ہمکنڈہ پٹرول بنک کی چھت اُڑ گئی۔ ایل بی نگر، شمون پیٹ،گوپال سوامی پٹیل، آرے پلی، نرسم روڈ ، ترکاری مارکٹ، جے پی این روڈ، این وی این روڈ، وردھنا پیٹ کے علاقوں میں بھی بارش سے تباہی ہوئی۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن میئر این نریندر کارپوریٹرس رضوانہ شمیم مسعود، سریش جوشی نے دیگر کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے فوری امدادی کاموں کو انجام دیا۔ شہر کے علاقوں میں دکانات کے سائن بورڈ ہواؤں سے اکھڑ گئے۔ گوپال سوامی گوڑی کے پاس ایک نیم کا قدیم درخت جڑ سے اکھڑ گیا۔ شہر کے علاوہ بھوپال پلی، محبوب آباد، جنگاوں، مری پیڈا، تورو میں تباہی سے کسانوں کو شدید نقصان پہونچا۔ مقامی عوامی قائدین نے زرعی مارکٹس کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔