بارش سے متاثرہ کسانوں کی ہر ممکنہ مدد کا تیقن

کریم نگر۔/11اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں حالیہ ہوئی غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے نقصانات ہوئے کسانوں کو ان کی فصلوں کے نقصان کا معاوضہ دیا جائے گا۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے تیقن دیا۔ جمعہ کی شام کریم نگر آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ زبردست بارش ، تیز ہوا، ژالہ باری سے فصلوں کا جو بھی نقصان ہوا ہے زرعی شعبہ کے عہدیدار تخمینہ لگارہے ہیں اور اس کا جائزہ لیکر بہت جلد نقصانات کا معاوضہ دیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی قائدین اس مسئلہ پر بے کار کی سیاست کررہے ہیںانہیں حقائق کی جانکاری کے بعد ہی کوئی بیان دینا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ 2009 سے 2004 تک نقصانات اٹھائے کسانوں کی مدد کرنے میں اس وقت کی کانگریس حکومت کے طریقہ کار لا وپرواہی اور تساہل کو یاد کریں۔ایٹالہ راجندرنے کہا کہ کانگریس قائدین کسانوں کے تعلق سے ہمدردی میں مگر مچھ کے آنسو بہانا چھوڑ دیں، ہم نے اقتدار پر آتے ہی 480کروڑ روپئے کسانوں کو ان کی فصلوں کے ہوئے نقصانات کی ادائیگی کی ہے اور یہ ہماری حکومت کا کارنامہ ہے کہ کانگریس کے دور حکومت میں ہوئے نقصانات کو ہم نے ادا کیا ہے۔ اس طرح سے کسانوں کو ہمت و حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے بجٹ میں 18فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور یہ بھی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ ہمیں اقتدار میں آکر دس ماہ ہوئے ہیں اس میں ہم نے جو بھی عوام کی بہبود کے لئے کیا ہے عوام ہم سے اور بہت قریب آچکے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے یہ دیکھ کر ہی کانگریس قائدین برداشت نہیں کرپارہے ہیں اور انتہائی جھوٹے بیانات دے رہے ہیں۔ ایٹالہ راجندرنے کانگریس قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی حال رہا تو کانگریس کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 200 روپئے کے وظیفہ کو ایک ہزار روپئے کردیا گیا ہے۔ 500سے 1500 کردیا گیا۔ کانگریس قائدین یہ نہیں جانتے کہ ایک شخص کو 4کیلو کے بجائے چھ کلو چاول دیا جارہا ہے۔ گزشتہ 29لاکھ وظیفہ خوار تھے اب ان کی تعداد 34لاکھ ہوچکی ہے۔ سالانہ 4ہزار کروڑ روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اب سماجی بھلائی ہاسٹلوں میں مقیم بچوں کو باریک چاول دیا جارہا ہے۔ اسی طرح اقلیتی طبقات کی لڑکیوں کی شادی کیلئے 21ہزار روپئے دیئے جارہے ہیں۔ پینے کے پانی اور آبپاشی کیلئے برسہا برس سے سوکھے تالابوں کی مرمت کی جارہی ہے۔ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے ایک تالاب کے پانی کو دوسرے تالاب میں لے جانے کے منصوبہ پر عمل ہورہا ہے۔ 480 کروڑ روپئے کسانوں کو ان پٹ سبسیڈی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ان تمام کارناموں سے کیا حریف کانگریس قائدین واقف نہیں ہیں۔