بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان200پر آل آؤٹ

میرپور۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹسمین کو آج ایک بار پھر نوجوان بائیں بازو کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کے خلاف سخت جدوجہد کرنی پڑی جنہوں نے 43 رنز کے عوض 6 وکٹس حاصل کئے۔ بنگلہ دیش نے دوسرے ونڈے میچ میں دو مرتبہ عالمی چمپین رہنے والی ہندوستانی ٹیم کو 45 اوورس میں 200 پر محدود کردیا۔ بارش کی وجہ سے میچ پر اثر پڑا اور اوورس کی تعداد 47 کردی گئی۔ 19 سالہ مستفیض الرحمن ونڈے انٹرنیشنل کی تاریخ کے دوسرے بولر بن گئے ہیں جنہوں نے پہلے دو میچس میں متواتر 5، 5 وکٹس حاصل کئے۔ 3 میچس کی سیریز میں یہ میچ ہندوستان کیلئے کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلے میچ میں اسے شکست اٹھانی پڑی تھی۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے وکٹس وقفہ وقفہ سے گرتے رہے۔ پانچ بیٹسمین دو ہندسی عدد تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ اوپنر شکھر دھون (53) نے اسکور کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کیا جبکہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 75 گیندوں میں 47 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ ویراٹ کوہلی نے 23 رنز بنائے اور دھون کے ساتھ دوسری وکٹ کی رفاقت میں 74 رنز بنائے۔ میچ کے دوران بارش کی وجہ سے کچھ دیر کھیل روک دینا پڑا ۔ ہندوستانی بیٹسمین دھون اور کوہلی اچھے انداز میں کھیل رہے تھے لیکن ناصر نے 13 ویں اوور میں ان کا شاندار کیچ لیتے ہوئے انہیں پویلین بھیج دیا ۔ اس کے ساتھ ہی رنز کی رفتار بھی سست ہوگئی اور ساری ٹیم 45 اوورس میں آل آؤٹ ہوگئی۔