بارسلونا۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) یوئیفا چیمپئنز فٹ بال لیگ میں بارسلونا اور اولمپیاکوس کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا جس کے ساتھ ہی یہ پانچ سال میں پہلا موقع ہے کہ بارسلونا چیمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے کے میچ میں گول کرنے میں ناکام رہی ہو۔یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا اور اولمپیاکوس کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا اور دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول اسکور کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور جب مقررہ وقت ختم ہوا تو مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔اس میچ کے اختتام کے ساتھ بارسلونا کا گزشتہ پانچ سال کے دوران چیمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں مستقل گول کرنے کا ریکارڈ بھی ختم ہو گیا۔بارسلونا گزشتہ پانچ سال سے چیمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم کے خلاف گول اسکور کرتی آرہی تھی لیکن اس میچ میں وہ یہ ریکارڈ قائم نہ رکھ سکی۔اس سے قبل 2012 میں چیمپیئجنز لیگ میں بینفیکا کے خلاف میچ میں بارسلونا کی ٹیم کوئی بھی گول اسکور کرنے میں ناکام رہی تھی۔