میڈرڈ۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسپینش لیگ میں بارسلونا نے کارڈوبا کو تختہ مشق بنادیا۔ بارسلونا نے کارڈوبا کے خلاف 0-5 سے کامیابی اپنے نام کرلی۔ علاوہ ازیں سندرلینڈ نے انگلش پریمئر لیگ میں نیوکاسل کو 0-1 سے شکست دیدی جب کہ لیور پول اور آرسنل کے درمیان میچ 2 -2 گول سے برابر رہا۔ اسپینش لالیگا میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا نے کارڈوبا کو 0-5 سے شکست دی اور اس مقابلہ میں لیونل میسی نے دو، گیروڈ پگ، لوئس سوریز اور پیڈرو نے فی کس ایک گول بنایا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی بارسلونا کے 38 نشانات ہوگئے ہیں۔ بارسلونا کو پہلے مقام پر پہنچنے کے لئے صرف ایک نشان کی ضرورت ہے۔ چمپئنس لیگ چمپئن ریئل میڈرڈ کی نشانات کے جدول میں حکمرانی جاری ہے۔ ایک اور میچ میں اینٹوئنے گرئیزمن کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ایٹلیٹکو میڈرڈ نے ایٹلیٹکو بلباؤ کو ہرایا۔ دیگر میچز میں ویا ریئل نے ڈیپورٹیو ڈی لا کرونے اورمالاگا نے ایلچے کے خلاف فتوحات حاصل کیں جب کہ گٹافے اور گرینڈا سی ایف کے درمیان میچ 1-1 گول سے ڈرا ہوگیا۔