بارسلونا کو ملاگا کے خلاف حیران کن شکست

میڈرڈ ۔23 فروری(سیاست ڈاٹ کام) لیونل میسی، نیمر اور سوریز جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بارسلونا کو اپنے گھریلو میدان پر ملاگا نے ایک گول سے حیران کن شکست دے دی۔ اس ناکامی کے بعد اسپینش لالیگا میں بارسلونا ایف سی کی فتح کی امیدوں پر سخت دھکا لگا ہے۔ اس شکست کے بعد بارسلونا اور روایتی حریف ریال میڈرڈ کے درمیان صرف ایک نشان کا فرق باقی رہ گیا ہے۔ میچ کا واحد گول بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی ڈانی ایلوس کی غلطی کی بدولت جوانمی نے اسکور کیا۔ دوسری جانب ملاگا کی ڈیفنس لائن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میسی، نیمر اور سوریز کو گول کرنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔ ملاگا 2007 کے بعد پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے مسلسل دو مقابلوں میں بارسلونا کے خلاف کوئی گول بنے نہیں دیا۔ دریں اثناء لندن میں انگلش پریمیئر لیگ میں ٹوٹنہم ہاٹسپرز اور ویسٹ ہام یونائیٹڈ کامیچ ڈرامائی انداز میں 2-2 سے ڈرا ہوگیا۔ 80منٹس تک ویسٹ ہام کو دو گول کی برتری حاصل تھی، لیکن 81ویں منٹ میں ڈینی روز گول کرکے ٹوٹنہم کو میچ میں واپس لائے جبکہ ہیری کین نے میچ کے اختتامی لمحات میں ملنی والی پینالٹی کک سے فائدہ اٹھاکر ٹیم کو شکست سے بچالیا۔