بارسلونا کو لا لیگا کی بدترین شکست، 1-4 سے ناکامی

میڈرڈ ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشہور اسپینی کلب بارسلونا کو لا لیگا میں اوسط درجے کے کلب سیلٹا ویگا کے ہاتھوں بدترین اپ سٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے ساتھ ہی چمپئن ٹیم کے سیزن میں 100 فیصد ریکارڈ بھی اختتام پذیر ہوا۔ نولیٹو نے گول کر کے اپنی ٹیم کا کھاتہ کھولا، جس کے بعد لاگو اسپس نے دو مرتبہ گیند کو گول کی راہ دکھائی۔ بارسلونا کی جانب سے واحد گول نیمار نے 80ویں منٹ میں کیا لیکن کچھ ہی دیر بعد جان گوئی ڈیٹی نے ایک اور گول داغ کر اپنی ٹیم کو میچ میں 4-1 کی برتری دلائی اور اسی اسکور پر میچ ریفری نے مقابلے کے اختتام کا اعلان کیا۔ یہ موجودہ کوچ لوئس اینریک کی نگرانی میں لالیگا میں بارسلونا کی بدترین نوعیت کی شکست ہے، جنہوں نے گزشتہ سیزن میں اپنی ٹیم کو لالیگا اور چمپینس لیگ جتوانے میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔ اس فتح کے ساتھ ہی سیلٹا تھوڑی دیر کیلئے ٹیبل کی سرفہرست ٹیم بن گئی لیکن ریئل میڈرڈ نے ایٹلیٹکو بلباؤ کو شکست دے کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ لوئس اینریک نے کہا کہ اس میچ کا فیصلہ سیلٹا کے شاندار کھیل نے کیا۔ انہوں نے بہت عمدہ فٹبال کھیلی۔ ’’ہم نے ان کیلئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن (اس مقابلے میں) ہماری ایک نہ چل سکی۔‘‘