بارسلونا اوپن : روہن ۔ اعصام کی کوارٹرس میں رسائی

بارسلونا ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) روہن بوپنا اور اعصام الحق نے بارسلونا اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں 21 سے 27 اپریل تک چلنے والے ٹینس ایونٹ میں ہند۔ پاک جوڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ پہلے رائونڈ میں روہن اور اعصام نے فلپائن کے ٹریٹ ہوئے اور انگلینڈ کے ڈومنیک انگلوٹ کو 6-1 اور 6-1 سے ہرایا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے دوبارہ اکھٹے ہونے کے بعد روہن اور اعصام پر مشتمل انڈو۔ پاک جوڑی دبئی میں سیزن کا پہلا ٹائٹل جیت چکی ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر ڈیوڈ موئیس برطرف
لندن ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ جولائی ایلکس فرگیوسن کی جگہ مشہور ومعروف انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ مقرر کئے گئے ڈیوڈ موئیس کو عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ کلب نے موئیس کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے مختصر بیان میں کہا کہ یونائیٹڈ سخت محنت، لگن اور سچائی سے کام کرنے والے اسکاٹش کوچ کی مشکور ہے۔ اخبارات میں اس سے قبل شائع ہوا تھا کہ موئس کے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں لیکن یہ خبریں اس وقت غلط ثابت ہوئیں جب کلب کے امریکی مالکان گلیزر خاندان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ آئندہ جمعہ کو 51 سال کے ہونے والے موئس کو ہم وطن اور گزشتہ سیزن 26 سالہ خدمات کے بعد یونائیٹڈ سے الگ ہونے والے سر ایلکس فرگیوسن کی سفارش پر اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ فرگیوسن نے گزشتہ سال اپنی کوچنگ میں یونائیٹڈ کو 13ویں جبکہ مجموعے طور پر 20ویں ٹائٹل کا حقدار بنوایا تھا۔