بارسلونا ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سینیئر ٹیم کے بعد بارسلونا کی جونیئر ٹیم نے بھی ایک خطاب اپنے نام کرلیا اوریورپیئن انڈر19یوتھ لیگ کے فائنل میں انگلش کلب چیلسی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد0-3سے شکست دے دی۔ بارسلونا کی سینیئر ٹیم نے گزشتہ ہفتے اسپین کا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ یوتھ لیگ فائنل میں ایلیجاندرو مارکوئز نے2گول کرکے ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی تھی جبکہ میچ کے آخری مراحل میں ایبل روئز نے تیسرا گول کرکے چیلسی کو بے حال کردیا۔چیلسی کی یوتھ ٹیم گزشتہ4سال کے دوران تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے میدان میں اتری تھی اور اس کی فتح کے امکانات بھی روشن تھے تاہم میچ کے دوران ہسپانوی کلب نے اسے اتنا بے بس کئے رکھا کہ وہ کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ بارسلونا کے دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے حریفوں کو بالکل ہی بے دم کرکے یہ فتح سمیٹی جو بہت سے ماہرین کیلئے بھی حیران کن ثابت ہوئی۔ہسپانوی کلب نے 4 سال میں دوسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ کے دوران ایلیجاندرو نے فتح گر کھلاڑی کا کردار ادا کیا تاہم بارسلونا کی جانب سے ایبل روئز اور ریکارڈ پیوگ بھی چھائے رہے اور فٹبال ماہرین ان کے روشن مستقبل کی پیش قیاسیاں کر رہے ہیں۔