بارات میں برسر عام فائرنگ دولہے کو مہنگی پڑی

سوشیل میڈیا پر ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پستول نقلی ہونے کا شبہ
حیدرآباد۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) شادی کی بارات میں دلہے کی جانب سے برسر عام فائرنگ کرنا مہنگا ثابت ہوا۔ 22 اگست کو پرانے شہر کے فلک نما علاقہ میں پیش آیا واقعہ کا آج سوشیل میڈیا کے ذریعہ منظر عام پر آنے کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے دولہے کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 25 سالہ محمد محسن عرف عرفان ولد محمد افضل الدین ساکن انجن باؤلی کی شادی 22 اگست کو گڈی ملکاپور میں واقع کنگس پیالیس شادی خانہ میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر عرفان نے دو پستول سے 12 راؤنڈ فائر کئے تھے۔ پولیس نے عرفان کو آج گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں تحقیقات میں پولیس الجھن کا شکار ہوگئی۔ پولیس کو یہ پتہ چلا کہ جس پستول سے فائر کیا گیا وہ نقلی (ڈمی ، فلموں میں استعمال ہونے والے)تھے جسے چھوٹے موٹے فلم پروڈیوسر نے فراہم کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ شادی کی بارات کیلئے عرفان اپنے مکان سے 6:45 بجے شام گھوڑے پر روانہ ہوا تھا جہاں پر اس نے جہاں نما مسجد کے روبرو دو راؤنڈ فائرنگ کی اور بعدازاں شمع ٹاکیز الحبیب ہوٹل کے روبرو 10 راؤنڈ فائر کئے۔ مذکورہ پستول کو چھوٹے موٹے فلم پروڈیوسر ایس ایم علی ساکن جہاں نما فراہم کیا تھا۔ پولیس نے عرفان کے قبضہ سے فائرنگ میں استعمال کئے گئے دو نقلی پستول ضبط کرلئے اور اسے فارنسک لیباریٹری روانہ کیا جہاں ماہرین کی رائے حاصل کرنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ پولیس فلک نما نے عرفان، ایس ایم علی اور ایک ساتھی محمد سمیع کے خلاف انڈین آرمس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے جس کی تحقیقات جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ محمد محسن عرف عرفان سابق میں دو وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ سال 2013 میں ایس ایم علی کی جانب سے فراہم کی گئی نقلی پستول کی مدد سے اس نے ایک شخص کو دھمکایا تھا اور اس کے ساتھ مارپیٹ بھی کی تھی۔ سال 2014ء میں عرفان نے اپنے قریبی دوست عادل کے ہمراہ نقد رقم کی وصولی کیلئے ایک شخص کی پٹائی کی تھی۔ عرفان نے برسرعام فائرنگ کے ذریعہ عوام کو خوف زدہ کیا تھا جس پر پولیس سخت کارروائی کرے گی۔ ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ ایس ایم علی کی پولیس کو تلاش ہے اور اسے گرفتار کرنے کے بعد ہی اس کیس کی تحقیقات میں پیشرفت ممکن ہے۔ فارنسک ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ کی دفعات میں ترمیم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عرفان ، ایک رکن پارلیمنٹ کے قریبی ساتھی جس پر لینڈ گرابنگ کے الزامات ہیں ، کا رشتہ دار ہے۔