پشاور ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شمال مغربی علاقہ جو افغانستان کی سرحد سے قریب ہے، ایک دھماکو آلے کے دھماکے میں ایک معمر قبائلی شخص ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل کھر میں واقع کوثر نامی علاقہ میں یہ دھماکہ ہوا۔ امن کمیٹی کے رکن عبدالقادر خان اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ایک گاڑی میں اپنے مکان کی جانب رواں دواں تھے کہ انہیں ریموٹ کنٹرول والے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ کے فوری بعد گاؤں کی دفاعی کمیٹی کے ارکان اور دیگر مقامی افراد فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈکوارٹرس ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں عبدالقادر خان زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹر نے بتایا کہ دیگر زخزیوں کی حالت مستحکم ہے۔