بابر میں کوہلی کی جھلک: آرتھر

سڈنی ۔2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ  ٹیم کے کوچ مکی آرتھر  نے نوجوان کھلاڑی  بابر اعظم کو سراہتے ہوئے ان کا موازنہ ہندوستانی ٹسٹ  ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی سے کیا اور کہا  کہ 22 سال کی عمر میں کوہلی بھی بالکل اسی طرح کھیلتے تھے۔بابر اعظم نے صرف تین ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں شکست سے دوچار ہونے والی اپنی  ٹیم کی پہلی اننگز میں بابر نے میزبان  بولنگ کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ناقابل شکست 90 رنز بنائے اور اپنی مہارت ثابت کی۔اپنے 18 ونڈے میچوں میں وہ تین سنچریاں اسکور کر چکے ہیں اور یہ تینوں سنچریاں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں لگاتار بنائی گئی ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز سے پہلے کھیلے جانے والے واحد وارم اپ میچ میں مکی آرتھر نے پرتھ میں مقامی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان بابر اعظم ایک بہترین کھلاڑی بن سکتا ہے اور میں یہاں تک کہہ سکتا ہوں کہ اس عمر میں وہ اتنے ہی اچھے ہیں جتنے کہ ویراٹ کوہلی تھے۔نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کے باوجود پاکستان نے دورہ آسٹریلیا کیلئے اپنا 16رکنی اسکواڈ برقرار رکھا ہے۔انہوں نے  مزید کہا کہ ہماری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 2-1 سے شکست کا سامنا کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہے اور اگر دورہ نیوزی لینڈ میں ہمیں ایک اور ٹسٹ میچ ملتا تو ہم حالات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے تھے لیکن ہمیں امید ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ سے ہمیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے تیاریوں میں مدد ملے گی۔آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ  سے قبل پاکستانی ٹیم کینز میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم میزبان کے خلاف برسبین میں ڈے نائیٹ ٹسٹ مقابلہ کھیلے گی جس کا  15 ڈسمبر کو آغاز ہورہا ہے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ 26 تا 30 ڈسمبر ملبورن اور تیسرا و آخری مقابلہ 3 تا 7 جنوری سڈنی میں منعقد ہوگا۔