لندن۔26 مئی(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بڑا دھکا لگا ہے اور مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم ہاتھ میں فریکچر کے سبب انگلینڈ کے خلاف مکمل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں جاری پہلے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم 68رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ بین اسٹوکس کی شارٹ گیند بابر کے ہاتھوں پر لگی۔گیند بابر کی بائیں کلائی پر لگی جس کی وجہ سے وہ کھیل جاری نہ رکھ سکے اور ٹیم فزیو نے میدان میں آ کر ان کے زخم کا معائنہ کیا اور میجک اسپرے سے بھی تکلیف دور نہ ہونے پر انہیں میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کیا۔بعد میں بابر کے ہاتھ کا ایکسرے ہوا تو اس میں فریکچر کا انکشاف ہوا جس کے سبب اب بابر مزید بیٹنگ نہیں کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے تصدیق کی کہ بابر کے ہاتھ میں فریکچر ہوا ہے جس کے سبب ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشور دیا ہے۔ بابر اعظم اب انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے اور پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی جگہ کوئی متبادل کھلاڑی انگلینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بابر کے زخمی ہونے کے بعد پی سی بی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق سے رابطہ کیا اور مشاورت کے بعد کسی متبادل انگلینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان سے متبادل نہ بھیجنے کے بعد اب دوسرے ٹسٹ میچ میں بابر کی جگہ سعد علی یا عثمان صلاح الدین میں سے کسی کو موقع مل سکتا ہے۔