بابر اعظم پاکستان کے ویراٹ کوہلی بننے کے خواہاں

لاہور۔14مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم  ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی طرح اپنی ٹیم کے اہم ترین اور فتح گر رکن بننے کے خواہاں اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ ذمہ داری سنبھالنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ  انہوں نے تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے کی تیاری کرلی اور اب آل راؤنڈرز کی کمی کے پیش نظر ان کی بولنگ پر بھی توجہ مرکوز ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ٹیم کے تربیتی کیمپ میں میڈیا منیجر رضا راشد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ان کا بیٹنگ اسٹائل  کوہلی سے قدرے مختلف ہے لیکن وہ ان کی طرح ہی ٹیم کے اہم ترین رکن بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ نوجوان بیٹسمین نے مزید کہا  کہ وہ اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ پاکستانی ٹیم میں آل راؤنڈرز کی کمی ہے اور اسی وجہ سے وہ اب اپنی بولنگ پر بھی کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ آنے والے عرصے میں اس شعبے میں بھی بہتری لانے کے بعد وہ ایک موثر آل راؤنڈر کا کردار نبھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر بیٹسمینوں مصباح الحق اور یونس خان کی سبکدوشی کے بعد موجودہ ٹیم میں بیٹنگ کا جو خلاء پیدا ہوگا اس کو پورا کرنے کیلئے ان سمیت ٹیم کے تمام نوجوان اور تجربہ کار کرکٹرز ان کا بہترین متبادل بننے کی کوشش کریں گے۔ بابر اعظم کے بموجب  انہیں آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مچل اسٹارک کی بولنگ زیادہ خطرناک لگی  لیکن اب وہ دنیا کے کسی بولر کو بھی کھیلتے ہوئے پریشانی کا سامنا محسوس نہیں کرتے کیونکہ انہوں نے حالیہ دوروں میں کافی تجربہ حاصل کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے  دورے میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی ظاہر کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوشش ہے کہ ٹیموں کی درجہ بندی میں بہتری آئے اور اس کیلئے کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔