بابا رام دیو کو نیشنل کمیشن برائے خواتین کی نوٹس

نئی دہلی ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کمیشن برائے خواتین (NCW( نے یوگا گرو بابا رام دیو کو نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے خلاف ’’ہنی مون‘‘ کا ریمارک کرنے پر نوٹس جاری کی ہے جس کی وجہ سے ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔ میڈیا کی رپورٹ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کمیشن نے بابا رام دیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متنازعہ ریمارک پر وضاحت طلب کی ہے جس کیلئے انہیں 3 دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔ NCW صدرنشین ممتا شرما نے کہا کہ بابا رام دیو کے ریمارک سے دلت خواتین کی توہین ہوئی ہے، جو کچھ انہوں نے کہا کہ اس کی سخت مذمت کی جانی چاہئے ۔ اگر یوگا گرو نے نوٹس کا جواب نہیں دیا تو انہیں کمیشن کے روبرو حاضر ہونے کا سمن روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے نازیبا ریمارک کرنا اور بعد ازاں معذرت خواہی کرلیا، ایک روایت بن گئی ہے لہذا بابا رام دیو سے معذرت خواہی کا مطالبہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ لکھنو میں کچھ روز قبل بابا رام دیو نے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ راہول گاندھی دلتوں کے مکانات پر ہنی مون اور پکنک منانے جاتے ہیں ، حالانکہ رام دیو نے بعد ازاں یہ کہہ کر معذرت خواہی کرلی تھی کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔