بھنڈ، 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر اور مدھیہ پردیش کانگریس نائب صدر ڈاکٹر گووند سنگھ نے پردیش میں کانگریسی حکومت کے دور میں بابائوں کو دی گئی زمین کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے موجودہ بی جے پی حکومت سے ریاست میں کاروبار کرنے والے بابائوں کو دی گئی زمین واپسی لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں بھنڈ ضلع کے ممبر اسمبلی ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ عوامی طور پر سماجی خدمت کرتے نظر آنے والے ڈیرہ سچا سودا کا باباگرمیت سنگھ آبروریزی کے الزام میں جیل پہنچ چکا ہے ۔ آشرم کے نام پر، ملک میں کئی ریاستوں میں ملکیت ہے۔مدھیہ پردیش بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے ، کانگریس حکومت نے بابا کو 5ایکڑزمین آشرم کیلئے عطیہ میں دی تھی۔ ڈاکٹر سنگھ نے اپنے بیان میں کانگریس کی حکومت میں گرمیت سنگھ کو گرانٹ میں دی گئی زمین کے فیصلے کو بھی غلط ٹھہرایا اور ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت سے بابا کی زمین کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔