بائیں بازو ۔کانگریس اتحاد کو ممتابنرجی کا چیلنج

کولکتہ ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے جو ترنمول کانگریس کی سربراہ بھی ہیں، آج کانگریس اور سی پی آئی ایم کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے اتحاد کا باضابطہ اعلان کرکے دکھائیں اور کہا کہ عوام ان کو اس کا آئندہ اسمبلی انتخابات میں منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سنا ہیکہ سی پی آئی ایم اور کانگریس اتحاد قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ اس اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا جائے تاکہ عوام ان کو منہ توڑ جواب دے سکیں۔ ان کا یہ تبصرہ اس قیاس آرائی کے پیش نظر اہمیت رکھتا ہیکہ کانگریس اور سی پی آئی ایم آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے برسراقتدار ترنمول کانگریس کو شکست دینے باہم اتحاد کی تیاری کررہے ہیں۔
ایرانی اور مایاوتی میں راجیہ سبھا میں دوبارہ جھڑپ
نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سمرتی ایرانی اور مایاوتی میں آج راجیہ سبھا میں ایک بار پھر زبانی تکرار ہوئی۔ سمرتی ایرانی نے روہت ویمولا کی خودکشی کے بارے میں کہا تھا کہ اگر مایاوتی اس بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کرتی رہیں تو وہ ان کی زبان کاٹ دیں گی۔ مایاوتی جو ویمولا کی موت کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی میں ایک دلت کو شامل کرنے کا مطالبہ کررہی تھیں۔ سمرتی ایرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں طاقت ہے تو وہ ان کی زبان کاٹ کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی نے دو دن قبل ایوان پارلیمنٹ میں ہی یہ دھمکی دی تھی۔