بائیک کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک

شمس آباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع مدن پلی میں بائیک کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب سید فیاض الدین 55 سالہ ساکن حسن نگر پیشہ ڈرائیور کل رات مدن پلی کے قریب لاری روک کر چائے نوشی کے لیے سڑک عبور کررہے تھے کہ ایک بائیک نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج فوت ہوگئے ۔ شمس آباد رورل سب انسپکٹر محمد احمد پاشاہ نے مقدمہ درج کرلیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالہ کردیا ۔۔

583 گرام سونے کے ساتھ
ایرپورٹ پر خاتون گرفتار
شمس آباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس عہدیداروں نے ایک خاتون کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 583 گرام سونا برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج صبح ایک خاتون دبئی سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد پہنچی کسٹمس کی چیکنگ کے دوران اس کے لگیج سے 583 گرام سونا برآمد ہوا ۔ جس پر خاتون کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔۔