میونح۔12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چمپئنس لیگ فٹبال سے آرسنل کی ٹیم باہر ہو گئی ہے جبکہ بائرن میونخ نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پری کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ اور آرسنل کے درمیان سکینڈ لیگ میں زبردست مقابلہ ہوا ،پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تاہم 55ویں منٹ میں بائرن نے برتری حاصل کی ،لیکن دو منٹ بعد ہی آرسنل نے مقابلہ برابر کر دیا۔میچ ایک ایک سے برابری پر ختم ہوا ،لیکن بائرن نے 3-1 گول کے فرق اور برتری کیساتھ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ایک اور پری کوارٹر فائنل میںمیڈرڈ اٹلیٹیکو نے اے سی میلان کوشکست دی۔ سکینڈ لیگ کے تیسرے ہی منٹ میں ڈیگو نے میڈرڈ کو برتری دلائی ،جسے میلان کے کاکا نے 27منٹ میں برابر کر دیا،لیکن اس کے بعد میڈرڈ کی ٹیم چھا گئی اورمزید تین گول کر کے میچ 4-1 سے جیت 5-1 گول کے فرق کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
بی سی سی آئی کے فیصلے کا آئی سی سی کی جانب سے خیرمقدم
دوبئی۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی کے چیف ایکزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے بی سی سی آئی کی جانب سے آئی پی ایل 7 کے مقابلوں کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ بی سی سی آئی نے ہندوستان میں عام انتخابات کے پیش نظر آئی پی ایل 7 کے ابتدائی مرحلے کے مقابلوں کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کافیصلہ کیا ہے جس پر رچرڈسن نے کہا کہ یو اے ای کی ٹیم جو پہلے ہی ٹوئنٹی 20 اور ونڈے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرچکی ہے اُس ملک کیلئے ان مقابلوں کی میزبانی ایک خوش آئند خبر ہے ۔ رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی اپنے ہیڈکوارٹر کے ملک دوبئی میں آئی پی ایل کے مقابلوں کی کامیاب میزبانی کیلئے پرعزم ہے۔