قندھار (افغانستان) ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغانی عہدیدار کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہلمند میں 48 اسکولی لڑکیاں اچانک بیمار پڑ گئیں جن کے بارے میں یہ شبہ کیا جارہا ہیکہ انہیں اجتماعی طور پر زہر دیا گیا۔ ڈاکٹر نثار احمد بارک نے بتایا کہ تمام متاثرہ اسکولی لڑکیوں کو ان کے دواخانے میں شریک کیا گیا ہے جو لشکرگاہ میں واقع ہے۔ تمام لڑکیوں نے سر میں شدید درد اور قئے کی شکایت کی تھی۔ تاہم فوری طبی امداد ملنے پر ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ ڈاکٹر نثار احمد نے اس کے علاوہ کوئی اور تفصیل نہیں بتائی کیونکہ وہ خود بھی اب تک اس نتیجہ پرنہیں پہنچے ہیں کہ اسکولی طالبات کو کس نوعیت کا زہر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف ہلمند ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائرکٹر احمد بلال کا کہنا ہیکہ تمام متاثرہ طالبات گیارہویں جماعت میں زیرتعلیم ہیں جن کا تعلق سنٹرل گرلز اسکول سے ہے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ یاد رہیکہ ہلمند کے بیشتر علاقوں میں طالبان کا کنٹرول ہے جو لڑکیوں کی تعلیم کا مخالف ہے۔