برسٹل۔7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز میں گزشتہ میچ ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم اتوار کو برسٹل میں میزبان انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن مقابلے کیلئے میدان میں اترے گی جہاں اس کا مقصد کامیابی کے ساتھ سریز پر قبضہ کرنا ہو گا ۔ہندوستان کو انگلینڈ نے گزشتہ میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دینے کے بعد سیریز 1۔1 کی برابری کر لی ہے جس کے بعد آخری میچ دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن ہو گیا ہے ۔کوہلی کی قیادت والی ٹیم نے مانچسٹر میں ہوئے گزشتہ میچ میں پانچ وکٹ پر148 اسکور بنایا تھا جس کے جواب میں انگلینڈ نے دو گیند باقی رہتے کامیابی اپنے نام کر لی ۔کپتان کوہلی نے گزشتہ میچ میں شکست کے لئے بیٹسمینوںکو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اعتراف کیا ہے کہ ٹیم10 سے15 رنز پیچھے تھی۔پہلے ٹوئنٹی20 کی طرح اس مرتبہ بھی روہت شرما اور شکھر دھون کی اوپننگ جوڑی نے متاثر نہیں کیا اور دونوں نے پہلے وکٹ کے لئے صرف سات رن کی ساجھے داری کی جبکہ پہلے میچ میں بھی دونوں نے سات رن کی ہی شراکت کی تھی ۔محدود اوور میں ہندوستان کی ماہر اوپننگ جوڑی کے مسلسل دو میچوں میں ناکام ہونے سے یقینا ٹیم کو خراب آغاز ملا۔وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے مانچسٹر میں ایک مرتبہ پھر لوور آرڈر پر خود کی اہمیت کو ثابت کیا اور 24 گیندوں میں پانچ چوکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 32 رنز کی اننگز سے ٹیم کو کچھ مسابقتی اسکور تک پہنچایا۔اگرچہ سریز پر قبضہ کرنے کے لئے ہندوستانی ٹیم کو اچھی شروعات کرنی ہوگی اور ایسے میں اوپنروں روہت اور دھون کی کارکردگی پر نگاہیں رہیں گی۔انگلینڈ کے لیے جہاں پہلے میچ میں چائنامین بولر کلدیپ یادو سردرد رہے تھے وہیں میزبان ٹیم نے دوسرے مقابلے میںکلدیپ کو احتیاط کے ساتھ کھیلا۔وہ چار اوور میں34 رن لٹاکر کوئی وکٹ نہیں لے پائے ۔میزبان ٹیم کے لییایلیکس ہیلز، جانی بیرسٹو جیسن رائے ، جوس بٹلر اور مورگن اہم ہیں۔