اسلام آباد۔17فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج کہاکہ طالبان کے ہاتھوں کئی فوجیوں کے سرقلم کردینے کا ہولناک واقعہ فیصلہ کن مرحلہ میں امن مذاکرات کو سبوتاج کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ایسے واقعات کا امن کارروائی پر منفی اثر مرتب ہوتا ہے ۔ پاکستان خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت طالبان کے ساتھ پوری دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ کُل جماعتی کانفرنس کے فیصلہ کی بنیادپر مذاکرات کررہی ہے۔ جب بھی ہم امن کارروائی کے فیصلہ کن مرحلہ میں پہنچتے ہیں اس کا سبوتاج کیا جاتا ہے ۔ دریں اثناء پاکستانی ثالثوں نے آج طالبان کے ساتھ مقرر ایک اجلاس منسوخ کردیا جب کہ طالبان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 2010ء میں اغواء کئے ہوئے 23فوجیوں کاقتل کردیاہے ۔ اس کارروائی سے جاری امن کارروائی کو شدید دھکہ لگا ۔