…… ایس ایم بلال ……
حیدرآباد ۔ /19 نومبر ۔بنجارہ ہلز علاقہ میں فارماسوٹیکل کمپنی کے وائس چیرمین مسٹر کے نتیانند ریڈی پر اے کے 47 سے فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ بندوق بردار کے بیاگ سے موصول ملبوسات کے شوروم کی رسید کی بنیاد پر اس کی آج رات نشاندہی کرلی گئی ہے اور وہ ریزرو کانسٹبل اوبلیش بتایا جاتا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس حملہ میں ملوث کانسٹبل کی گرفتاری کیلئے پولیس نے آندھراپردیش کے ضلع کرنول کو ایک خصوصی پولیس کی ٹیم روانہ کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال /3 فبروری کو ریزرو کانسٹبل جو گرے ہانڈس سے وابستہ تھا، نے مبینہ طور پر اے کے 47 رائفل کا سرقہ کرلیا تھا اور اس سلسلے میں گرے ہاؤنڈس کے کمانڈنٹ مسٹر سرینواس راؤ نے نارسنگی پولیس سے ایک شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک کیس جس کا کرائم نمبر 67/2014 ہے درج کرلیا تھا ۔ گرے ہاؤنڈس کے ریزرو انسپکٹر گنپتی کو اے کے 47 لاپتہ ہونے پر اسے معطل کردیا گیا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک ریزرو کانسٹبل نے اس عصری رائفل کا سرقہ کیا تھا لیکن پولیس اس کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اے کے 47 رائفل کی مدد سے ریزرو کانسٹبل شہر کی بڑی شخصیتوں کا تاوان کیلئے اغواء کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا جس کے لئے اس نے کاسو برہمانند ریڈی پارک (کے بی آر پارک) کا کئی دنوں سے مشاہدہ کیا اور چہل قدمی کے لئے آنے والی اہم شخصیتوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ کے بی آر پارک شہر کا سب میں بڑا پارک ہے جہاں پر اہم شخصیتیں بشمول وی وی آئی پیز چہل قدمی کیلئے صبح کی اولین ساعتوں میںپہونچتے ہیں ۔