اے پی ہائیکورٹ کے قیام کو مرکز کی منظوری

امراوتی میں تیاریوں کا آغاز ۔ فیصلہ سے دونوں ریاستوں میں مسرت
حیدرآباد /29 جون ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کی ایک اور دیرینہ خواہش تکمیل کے مرحلہ میں پہونچ چکی ہے ۔ چونکہ مرکز نے آندھراپردیش ہائیکورٹ کے قیام کیلئے منظوری دے دی ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جس سے دونوں ریاستوں میں یکساں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز کے اس فیصلے کے بعد آندھراپردیش کے دارالحکومت امرواتی میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ جنوری سے اے پی ہائی کورٹ کے کام کاج کا آغاز ہوجائے گا ۔ تاہم داخلی معاملوں کی یکسوئی اور خوشگوار انداز میں تکمیل کیلئے دو تا تین ماہ کا وقت درکار ہوگا ۔ امراوتی میں ہائیکورٹ کے کام کاج اور آغاز کے سلسلہ میں ضروری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے ۔اس سلسلہ میں مرکز سے کئی مرتبہ نمائندگی کی گئی تھی ۔ مرکز نے نمائندگی کے پیش نظر آندھراپردیش حکومت کو مکتوب روانہ کیا تھا اور اس مکتوب سے ہائی کورٹ کو بھی واقف کروایا گیا جس کے بعد تقسیم کے مرحلہ تحت ہائی کورٹ کے ججس کی کمیٹی تشکیل دی گئی اور امراوتی میں عمارتوں ، مقامات اور رہائش کواٹرز کی جانچ کے بعد کمیٹی نے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تاہم ہائی کورٹ ججس کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سہولیات کے فقدان کو دور کرنے تیزی سے اقدامات شروع ہوگئے ہیں ۔ امکان ہے کہ 2 تا 3 ماہ میں سہولیات مکمل کرلی جائینگی اور جنوری سے اے پی ہائی کورٹ میں کام کاج کا آغاز ہوگا ۔