سریکاکلم میں نقصانات پر رپورٹ کی طلبی، چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے ضلع سریکاکلم میں گزشتہ دنوں ’’طوفان تتلی‘‘ سے پیش آئے نقصانات اور تباہ کاریوں کے پیش نظر فی الفور انجام دیئے جانے والے راحت کاری و امدادی اقدامات کے لئے متعلقہ عہدیداروں بالخصوص ضلع کلکٹر سریکاکلم کے علاوہ محکمہ ہارٹیکلچر، فشریز، انیمل ہسبینڈری و دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ضروری ہدایات دیں اور انجام دیئے جانے والے اقدامات سے فی الفور انھیں واقف کرانے کی بھی خواہش کی جنھوں نے آج اتوار کے روز بھی امراوتی میں عہدیداروں کے ہمراہ طوفان سے ہوئے نقصانات اور راحت کاری و امدادی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کاجو کے باغات کو ہوئے نقصانات کے پیش نظر فی الفور فی ہیکٹر 25 ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے، ناریل کے باغوں میں درختوں کے درمیان دیگر کاشت کرنے کیلئے کاشتکاروں کو ترغیب دینے، کشتیوں سے محروم ہوجانے والے ماہی گیروں کم از کم فی کس دو لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کرنے مکمل طور پر نقصان پہونچنے والے موٹر بوٹس کے لئے کم از کم 6 لاکھ روپئے معاوضہ فوری طور پر ادا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں ’’اکوا کلچر‘‘ کے لئے بھی متاثرین کو 30 ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں مکمل طور پر منہدم ہوئے مکانات کے مالکان کو 10 ہزار روپئے فراہم کرتے ہوئے متاثرین کو این ٹی آر ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات تعمیر کرکے فراہم کرنے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ چیف منسٹر نے راشن دوکانات کے ذریعہ متاثرین کو اشیائے ضروریہ فراہم کرنے اور مواضعات میں طوفان کی وجہ سے پائے جانے والے حالات کے پیش نظر فی الفور کسی وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے سے قبل صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کی متعلقہ عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں طوفان سے متاثرہ مواضعات میں عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برقی سربراہی کو بھی باقاعدہ بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کی چیف منسٹر نے ہدایات دیں۔