حیدرآباد یکم مارچ (یواین آئی ) سرکاری افسرکوفرائض کی انجام دہی سے روکنے اوران کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر آندھراپردیش کی اصل اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس کے لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔پولیس نے یہ بات بتائی۔پولیس نے نندی گاما کے قریب سرکاری اسپتال کی ڈیولپمنٹ کمیٹی کی شکایت پر ایک معاملہ درج کرلیا۔ جگن نے ڈاکٹر سے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ اس وقت چھیننے کی کوشش کی تھی جب وہ گزشتہ روز ہوئے بس حادثہ میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے اسپتال پہونچے تھے ۔ جگن نے کلکٹر احمد بابو سے بھی بحث و تکرار کی تھی اور ان پر کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے جیل بھیجنے کی دھمکی دی تھی ۔ جگن نے الزام لگایا تھا کہ بس کے ڈرائیور کی لاش کی پوسٹ مارٹم کئے بغیر فرضی رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ یہ بس حکمراں جماعت تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا جس میں 11 افراد ہلاک اور 30 افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب حالت نیند میں ڈرائیور نے پل پر ڈیوائیڈر کو ٹکر دے دی تھی جس کے بعد یہ بس نہر میں گرگئی تھی۔ جگن نے الزام لگایا کہ حکومت دیواکر ریڈی کی دیواکر ٹراویلس کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ۔