حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) اے ٹی ایم سنٹرس میں عوام کو نشانہ بناتے ہوئے اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات حاصل کرکے آن لائن شاپنگ کے ذریعہ دھوکہ دہی میں ملوث بین ریاستی دھوکہ بازوں کی 3 رکنی ٹولی کو سائبرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار نے کہاکہ بہار سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ منیش کمار، 18 سالہ ونود کمار اور 21 سالہ منجیش کمار جو پیشہ سے پلمبر ہے، شہر کے مضافاتی علاقہ شاد نگر میں اے ٹی ایم سنٹرس میں داخل ہوکر عوام کے اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات اور پِن نمبر حاصل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر دھوکہ بازی میں ملوث ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے شاد نگر کے آئی سی آئی سی آئی، ایچ ڈی ایف سی اور دیگر خانگی بینکوں کے اے ٹی ایم سنٹرس کو نشانہ بنایا کرتے تھے اور اے ٹی ایم سنٹرس میں آنے والے افراد کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اُنھیں ای کامرس کے ذریعہ رقومات ہڑپ رہے تھے۔ سجنار نے کہاکہ مذکورہ دھوکہ باز دھوکہ دہی کے ذریعہ حاصل کی گئی رقومات سے آن لائن فلائٹ کے ٹکٹس خرید کر اندرون ملک سفر کیا کرتے تھے۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے 200 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ سائبرآباد کرائم پولیس نے دھوکہ بازوں کے قبضہ سے ایک لاکھ 10 ہزار نقد رقم، 18 موبائیل فونس، 5 سم کارڈس اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ کمشنر پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ اے ٹی ایم سنٹرس میں کارڈ کے استعمال کے دوران احتیاط برتیں اور کسی دوسرے فرد کو رقومات نکالنے کے دوران اپنے ساتھ نہ رکھیں۔