حیدرآباد /4 مئی ( سیاست نیوز ) ناچارم پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 73 لاکھ روپئے نقد رقم اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ یہ بات ڈی سی پی ملکاجگیری محترمہ راما راجیشوری نے بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اے ٹی ایم سنٹرز میں رقم جمع کرنے کے بعد اس رقم کا سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ 24 سالہ ایم سدھیر کمار 24 سالہ بی منوج ساکنان ملک پیٹ موسی رام باغ متوطن ضلع کھمم اور 26 سالہ ایم اشوک ساکن نریڈمیٹ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 73 لاکھ روپئے نقد رقم سیل فونس ، موٹر سائیکلس اور گھریلو ساز و سامان کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس ٹولی نے ایک کروڑ 49 لاکھ روپئے چوری کرلئے تھے ۔ اے ٹی ایم سنٹروں میں رقم جمع کرنا اس ٹولی کا کام تھا اور ای سی آئی ایل کے حدود میں ایس بی ایچ کے 23 اے ٹی ایم سنٹر پر رقم جمع کرتے تھے ۔ سدھیر جو عیش پسند زندگی گذارتا تھا ۔ اس نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے ایک سازش رچی اور اس کے بعد رقم کو نکال لیا ۔ چونکہ رقم یہ لوگ سنٹرس میں جمع کرتے تھے ۔ ایک دن 1.49 لاکھ روپیوں کو جمع کرنے کے بعد اس ٹولی نے اپنے منصوبہ پر عمل کیا اور رقم کو اے ٹی ایم سنٹرز سے نکال لیا ۔ سی ایم ایس نامی ایک ممبئی کی کمپنی میں یہ لوگ کام کرتے تھے اور اس کمپنی کی آڈٹ کے دوران انہیں ایک کروڑ 49 لاکھ روپئے کا غبن ہوا جس کے بعد شکایت کی گئی اور پولیس نے تحقیقات میں اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔