اے سی پی ابراہیم پٹنم ڈیویژن ملاریڈی کا تبادلہ

سنسنی خیز قتل میں ملوث خاطیوں سے مبینہ رابطے کے الزام کا شاخسانہ
حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) اکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر کے سنسنی خیز قتل میں ملوث خاطی سے مبینہ رابطے کے الزام میں ابراہیم پٹنم ڈیویژن کے اے سی پی کا اچانک تبادلہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب گزشتہ ہفتے تاجر اور ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر کا قتل کرنے کے بعد نعش کو مشرقی گوداوری میں پھینک دیا گیا تھا۔ آندھراپردیش پولیس نے اِس سلسلہ میں اصل ملزم راکیش ریڈی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور تفتیش کے دوران کئی حیرت انگیز انکشافات ہوئے جس میں حیدرآباد پولیس سے وابستہ دو پولیس عہدیداروں کے ناموں کا بھی انکشاف ہونے کی اطلاع ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ابراہیم پٹنم ملاریڈی اور نلہ کنٹہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سرینواسلو ، راکیش ریڈی سے قتل کے بعد مسلسل فون پر ربط میں تھے۔ باور کیا جاتا ہے کہ اِن دو پولیس عہدیداروں کے مشورے پر راکیش ریڈی نے مقتول جئے رام کی نعش کو شہر سے مشرقی گوداوری منتقل کیا تھا۔ آندھراپردیش پولیس نے ملزم راکیش ریڈی کا موبائیل فون کال ڈیٹا حاصل کیا اور اِس کے تجزیہ میں یہ ظاہر ہوا کہ ایک اے سی پی اور انسپکٹر راکیش ریڈی سے مسلسل ربط میں تھے اور اُسے وقتاً فوقتاً مشورہ دے رہے تھے۔ مہیش بھاگوت پولیس کمشنر رچہ کنڈہ نے اے سی پی ملا ریڈی کا تبادلہ کرتے ہوئے عنبرپیٹ سیول پولیس لائنس منتقل کردیا جبکہ انسپکٹر نلہ کنٹہ کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔